جسمانی تفاوت کی بنیاد پر تمسخر: سورۃ الحجرات کی روشنی میں تفسیری و عصری مطالعہ
DOI:
https://doi.org/10.63878/dy8ycq98Abstract
انسانی معاشرت میں ظاہری اور جسمانی تفاوت ایک فطری حقیقت ہے، لیکن یہی تفاوت اس وقت اخلاقی اور معاشرتی مسئلہ بن جاتا ہے جب اسے کسی انسان کی تضحیک، تحقیر یا کم تری کا ذریعہ بنایا جائے۔ جسمانی ساخت، رنگت، قد و قامت، چہرے کے خدوخال یا کسی جسمانی عارضے کی بنیاد پر تمسخر فرد کی عزتِ نفس ہی کو متاثر نہیں کرتا بلکہ انسانی قدر کے ایسے معیارات کو بھی تقویت دیتا ہے جن میں ظاہری اوصاف کو برتری و کم تری سے جوڑ دیا جاتا ہے۔ سورۃ الحجرات اہلِ ایمان کو باہمی تمسخر، عیب جوئی اور ناپسندیدہ القاب سے روکتی ہے۔[1]
کلاسیکی تفسیری روایت میں اس آیت کے تحت تمسخر کی مختلف صورتوں پر بحث ملتی ہے۔ امام طبری آیت کی ممانعت کو تمسخر کی تمام صورتوں کے لیے عام قرار دیتے ہیں، جبکہ ابن کثیر تمسخر کو تحقیر اور دوسرے انسان کو کمتر سمجھنے سے مربوط کرتے ہیں۔ اس موضوع کے لیے بالخصوص امام ماتریدی کی تعبیر اہم ہے، کیونکہ وہ تمسخر کی ایک صورت کو صراحت کے ساتھ ’’السخرية في الخِلقة‘‘قرار دیتے ہیں۔[2]
آیت میں تمسخر کی ممانعت کے ساتھ ﴿عَسَىٰ أَنْ يَكُونُوا خَيْرًا مِّنْهُمْ﴾ کا جملہ اس مسئلے کو محض ظاہری مذاق تک محدود نہیں رہنے دیتا، بلکہ اس تصور کو بھی چیلنج کرتا ہے کہ جس شخص کو کوئی اپنے سے کمتر سمجھ رہا ہے، وہ حقیقتاً بھی اس سے کمتر ہے۔ یہی پہلو جسمانی خلقت کی بنیاد پر تمسخر کے مطالعے کو انسانی قدر اور معاشرتی معیارِ فضیلت کے سوال سے مربوط کرتا ہے۔ زیرِ نظر تحقیق اسی زاویے سے منتخب قدیم و معاصر تفاسیر کا تقابلی و تجزیاتی مطالعہ کرتی ہے اور پھر معاصر علمی مطالعات کی مدد سے جسمانی و ظاہری تفاوت سے متعلق موجودہ معاشرتی رویوں کے تناظر میں ان تعبیرات کی معنویت کا جائزہ لیتی ہے۔
[1]۔al-Ḥujurāt 49:11۔
[2]۔Abū Manṣūr Muḥammad ibn Muḥammad al-Māturīdī, Taʾwīlāt Ahl al-Sunnah, ed. Majdī Baslūm (Beirut: Dār al-Kutub al-ʿIlmiyyah, 2005), 9:332۔
Ismāʿīl ibn ʿUmar Ibn Kathīr, Tafsīr al-Qurʾān al-ʿAẓīm, ed. Sāmī ibn Muḥammad Salāmah, 2nd ed. (Riyadh: Dār Ṭayyibah lil-Nashr wa al-Tawzīʿ, 1999), 7:376۔
Muḥammad ibn Jarīr al-Ṭabarī, Jāmiʿ al-Bayān ʿan Taʾwīl Āy al-Qurʾān, ed. Aḥmad Muḥammad Shākir (Beirut: Muʾassasat al-Risālah, 2000), 22:298۔
Downloads
Published
Issue
Section
License

This work is licensed under a Creative Commons Attribution-NonCommercial-NoDerivatives 4.0 International License.

